وزارت داخلہ کی بلیک لسٹ میں شامل 5 ہزار807 افراد کے نام خارج

اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے بلیک لسٹ میں شامل 5 ہزار807 افراد کے نام خارج کر دیئے، وزیرداخلہ نے بلیک لسٹ میں نام کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیا تھا۔

وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائر اعجاز شاہ کی ہدایت پر وزارت داخلہ کی بلیک لسٹ پر نظرثانی کے لئے جائزہ کمیٹی کا تقریباً 4 سال بعد اجلاس ہوا۔ جس میں میرٹ اور قواعد و ضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے بلیک لسٹ کی کیٹگری بی میں شامل 42 ہزار725 افراد کے ناموں کا جائزہ لیا گیا۔

وزارت داخلہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کی مشاورت سے تفصیلی غور و خوض کے بعد جائزہ کمیٹی نے میرٹ کے مطابق 5 ہزار 807 شہریوں کے نام بلیک لسٹ سے نکالنے کی منظوری دی۔

وزیرداخلہ نے بلیک لسٹ میں نام کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو میرٹ پر کیسز کے جائزہ اور آئندہ جائزہ کمیٹی کو سال میں 2 مرتبہ باقاعدگی سے اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے۔

Comments are closed.