آر ڈی اے کاآپریشن، چکری روڈ پر 4 غیر قانونی رہائشی اسکیموں کے گیٹ مسمار، سائٹ آفس سیل

راولپنڈی : چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی  طارق محمود مرتضی کی ہدایت پرمیٹرو پولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ (ایم پی اینڈ ٹی ای) ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے، راولپنڈی میں  غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف سخت کارروائی کررہا  ہے۔میٹروپولیٹن و ٹریفک انجینئرنگ  ڈائریکٹوریٹ نے چکری روڈ راولپنڈی پر چار غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں الحرم سٹی ، راول انکلیو ، عبد اللہ سٹی اور موویڈا کے مرکزی  گیٹ مسماراور سائٹ دفاتر کو سیل کردیا ہے۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ آر ڈی اے محمد اعجاز کا کہنا ہےکہ سیکشن پنجاب پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں اور لینڈ سب ڈویژن رولز 2010 کے تحت مذکورہ چار غیر قانونی رہائشی سکیموں کے مالکان کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔ ان رہائشی اسکیموں کے مالکان رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر سائیٹ دفاتر چلا رہے تھے۔

  چیئرمین آر ڈی اے نے عوام الناس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مفاد میں کسی غیر قانونی / غیر مجاز ہاؤسنگ اسکیم میں کوئی سرمایہ نہ کریں اور    پلاٹوں کی خریدوفروخت سے قبل آرڈی اے کی ویب سائٹ ضرور    وزٹ کریں جہاں قانونی و غیرقانونی سوسائٹیز کا مکمل ریکارڈ  دستیاب  ہے ، بصورت دیگر،  عوام  خود نقصانات کے ذمہ دار ہوں گے۔

 آر ڈی اے نے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی  ، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ  اور پی ٹی سی ایل سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ غیر قانونی رہائشی اسکیموں میں سروسز نہ دیں کیونکہ ان کی حیثیت غیر منظور شدہ / غیر قانونی ہے، ترجمان  آر ڈی اے کے  مطابق  چیئرمین آر ڈی اے اور ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے پرمیٹرو پولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ  دائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی / غیر مجاز ہاؤسنگ اسکیموں، ان کی  بکنگ اور سائیٹ دفاتر کی تعمیر اور تجاوزات کے خلاف بلا خوف سخت کارروائی جاری رکھی جائے ۔

Comments are closed.