ایک ہی جلسے میں عمران خان دماغی توازن کھو بیٹھے، مریم نواز

مانیٹرنگ ڈیسک

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ کل ایک شخص چیخ چیخ کر اپنی ناکامی کا ماتم کررہا تھا، ابھی تو ایک ہی جلسہ ہوا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں، ایک ہی جلسے میں وہ شخص دماغی توازن کھو بیٹھا، جعلی اور سلیکٹڈ ہی صحیح اگر آپ وزیراعظم کے عہدے پر بیٹھے ہیں اور مانا آپ پر بہت دباؤ ہے پھر بھی وزیراعظم کی کرسی کی لاج ہی رکھ لیتے، تقریر کے ایک ایک لفظ اور حرکات و سکنات سے آپ کا خوف جھلک رہا تھا اور یہی خوف پاکستانی کے عوام آپ کے چہرے پر دیکھنا چاہتے ہیں، یہ خوف عوام کی طاقت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑوں کے معاملات میں بچوں کا کوئی کام نہیں ہے، تم کس خوشی میں اچھل رہے ہو، تم تابعدار ملازم ہو اب فرق یہ آیا ہے کہ جعلی اور سلیکٹڈ ہونے کی تنخواہ پاکستانی قوم کو لاکھوں میں ادا کرنی پڑ رہی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ آپ کا مخاطب بھی عوام نہیں ہوتے، جب خطاب کرتا ہے، یا اپوزیشن، یا نواز شریف سے مخاطب، مریم نواز، بلاول بھٹو یا مولانا فضل الرحمٰن یا ان سے مخاطب ہوتا ہے جو ان کو لے کر آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کا نام لینا پسند نہیں کرتی اور ان کے الزامات کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتی لیکن کل ایک ایسی بات کی جو شاید میرا مذاق اڑانے کی غرض سے کی گئی لیکن میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ میں ایک بچی نہیں بلکہ دو بچوں کی نانی ہوں کیونکہ یہ ایک خوب صورت رشتہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف سے گھبرا گئے تو نواز شریف کی تقریر پر تبصرے کا بھی حق نہیں ہے، نواز شریف کی تقریر ٹی وی پر نہیں چلی پھر آپ نے کیسے سنی کیا چھپ چھپ کر سن رہے تھے۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ ‘آپ نے چھپ چھپ کر نواز شریف کی تقریر سنی اور کہتے کہتے رک گئے کہ نیب ہمارے ساتھ ہے، سچ حلق میں رک جاتا ہے لیکن جھوٹ بڑی روانی سے بولتے ہو’

مریم نواز نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ نیب کس کے اشارے پر کام کرتی ہے، دنیا جانتی ہے کہ ناصرف نیب بلکہ ایف بی آر تمھارے قبضے میں ہے، ارشد ملک جیسے جج عمران خان کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کھلے آسمان کے نیچے اپنے مطالبے کو تسلیم کرانے کے لیے موجود ہیں لیکن عمران خان کو کوئی فکر نہیں ہے

انہوں نے کہا کہ ہمیں غداری والی کہانیاں نہیں سناؤ، ایک فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ہوا تو غداری سامنے آجائےگی، مودی کی کامیابی کی دعائیں عمران خان نے مانگیں، کلبھوشن کے لیے آرڈیننس اور وکیل کرو تم اور مودی کی زبان ہم بول رہےہیں؟ بھارت کو سلامتی کونسل میں ووٹ دو تم اورمودی کی زبان ہم بول رہے ہیں؟
مریم نواز کا مزیدکہنا تھا کہ مسلم لیگ ن عوام کی جماعت ہے، اگر آپ ن لیگ پر پابندی لگاؤگے تو عوام پر بھی پابندی لگانی پڑے گی، مسلم لیگ ن ایک جماعت نہیں ہے، کروڑوں لوگوں کی ترجمان اور تشخص ہے۔

Comments are closed.