ترکی میں 7 کی شدت کازلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم 

مانیٹرنگ ڈیسک

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے ساحلی حصے میں آنے والے زلزلے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے لیکن فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی شدت استنبول سے ایتھنس تک محسوس کی گئی۔

ترکی کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ پریزیڈنسی نے زلزلے کی شدت 6.6 بتائی ہے جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق شدت 7.0 تھی۔زلزلہ ترک ریزورٹ شہر ازمیر میں محسوس کیا گیا جہاں 30 لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی ہے۔ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے ٹوئٹر پر کہا کہ زلزلے کے نتیجے میں صوبہ ازمیر میں اب تک 6 عمارتیں منہدم ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز ازمیر صوبے سے سمندر کی طرف 17 کلو میٹر دور  تھا اور اس کی گہرائی 16 کلو میٹر تھی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی ہے اور مرکز ترکی کے ساحل سے سمندر کی جانب 33.5 کلومیٹر دور بتایا ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹوئٹ کیا کہ ہماری ریاست دستیاب تمام تر وسائل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ترکی کے شمال مغرب میں 1999 میں 7.4 کے زلزلے سے استنبول میں ایک ہزار جبکہ دیگر شہروں میں 17 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

Comments are closed.