سری نگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں مزید دو کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوجیوں نے ضلع پلوامہ کے علاقے پامپور میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شہید جبکہ دو کو زخمی کر دیا۔ ایک زخمی نوجوان بعد ازاں سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔ دوسرے زخمی نوجوان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔
دریں اثنا قابض انتظامیہ نے ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں 2جی انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔ یاد رہے کہ مقبوضہ علاقے میں فورجی انٹرنیٹ سروس گزشتہ برس پانچ اگست سے معطل ہے جب نریندر مودی حکومت نے علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔
Comments are closed.