اسلام آباد: وزیراعظم بننے کی خواہش اور پاکستان کا قرض چھ ماہ میں اتار دینےکا دعوی لیے سرگودھا کا رہائشی فیاض اسلام آباد میں موبائل ٹاور پرچڑھ گیا۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے نہایت ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشہور کامیڈین شفاعت علی کو عمران خان بن کر بات کرنے کو کہا جس کے بعد فیاض موبائل ٹاور سے نیچے اتر آیا۔
فیاض نامی شخص اسلام آباد کے تجارتی مرکز بلیو ایریا میں نجی پلازہ کی چھت پر نصب موبائل ٹاور پر چڑھ گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے عہدیداران موقع پر پہنچے۔ اور فیاض کے مطالبات جاننے کے لیے نمائندہ کو اس کے پاس بھیجا تو سرگودھا کے رہائشی شخص نے کہا کہ وہ ملک کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے، تحریک انصاف کی حکومت سو روز میں ملکی معیشت ٹھیک کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ وزیراعظم بن جاتا ہے تو چھ ماہ میں پاکستان کا تمام قرضہ ختم کردے گا۔
منت سماجت کے بعد سر پھرا شخص نیچے اترنے پر راضی نہ ہوا تو پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے بھی خوب چالاکی دکھائی۔ ایس پی سٹی سید عزیز نے مشہورکامیڈین شفاعت علی سے بات کی اور انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔ جس کے بعد شفاعت علی نے وزیراعظم عمران خان کی آواز میں کہا، فیاض کو نیچے اترنے پر قائل کیا اور کہا کہ ملاقات کے لیے ان کے پاس آنے کو کہا۔
محمد فیاض خوشی سے پھولے نہ سمایا، وزیراعظم بننے کی خواہش لیے فوراً ٹاور سے نیچے اترا تو پولیس نے اپنا مہمان بنا کر تھانہ کوہسار منتقل کر دیا۔
Comments are closed.