اسلام آباد: امریکا نے پاکستان کو انسداد کورونا ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے، وزارت خارجہ نے واشنگٹن میں پاکستانی مشن کے مراسلے کے بعد وزارت قومی صحت کو امریکی جواب سے متعلق آگاہ کردیا۔
نیوز ڈپلومیسی کو موصول دستاویز کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی مشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ امریکی دوا ساز کمپنی نے ویکسین فراہمی کی درخواست پر مثبت جواب نہیں دیا، کمپنی پہلے فیز میں ویکسین کی مقامی ضرورت پورا کرے گی، دوسرے مرحلے میں کمپنی وباء سے بچاؤ کیلئے ویکسین برآمد کرے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جانسن اینڈ جانسن تاحال کورونا ویکسین کے کلینکل ٹرائلز کر رہی ہے، ٹرائلز میں وقتی پیچیدگیوں کا سامنا ہے، اس کے باوجود واشنگٹن میں پاکستانی مشن کورونا ویکسین کے حصول کیلئے سرگرم ہے، اور انسداد کورونا ویکسین کی تیاری پر کام کرنے والی دیگر کمپنیوں سے رابطے میں ہے۔
وزارت قومی صحت کی جانب سے امریکی کمپنیوں سے رابطوں کیلئے کوششیں جاری ہیں، پاکستان متوقع کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کیلئے کمپنیوں سے رابطے کر رہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کورونا سے بچاؤ کے لئے ویکسین کی پیشگی بکنگ کرانے کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے کہ پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے ایڈوانس بکنگ کیلئے دو ویکسین ساز اداروں سے رابطے کی تصدیق کی تھی اور امید ظاہر کی تھی کہ پاکستان کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ میں کامیاب ہوگا۔
وزیراعظم کو گزشتہ ماہ ایک کروڑ شہریوں کے لئے کورونا سے تحفظ کے لئے ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کی تجویز دی گئی اور اس مقصد کے لئے 10 کروڑ ڈالر کی رقم مختص کرنے کی سفارش کی گئی تھی، پہلے فیز میں ہیلتھ ورکرز، بزرگ شہریوں کیلئے ویکسین بکنگ کرانا چاہتی ہے۔
Comments are closed.