پاکستانی طلبہ کی ویزہ درخواستیں بڑی تعدادمیں مستردہونے کی خبریں درست نہیں، رضا بشیر تارڑ

 ویزا پراسیسنگ سینٹر دوبئی سے اسلام آباد منتقلی کے حوالے سے کینیڈین حکام کا مثبت ردعمل سامنے آیا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر

کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستانی طلبہ کی ویزہ درخواستیں بڑی تعداد میں مسترد کیے جانے کی خبریں درست نہیں ہیں، ویزا پراسیسنگ سینٹر دوبئی سے اسلام آباد منتقلی کے حوالے سے کینیڈین حکام کا مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔

کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کینیڈین حکومت نے پاکستان کو تیز ترین ویزہ پراسیسنگ کی سکیم سٹوڈنٹ ڈائریکٹ سٹریم (ایس ڈی ایس) میں شامل کر رکھا ہے، جس میں صرف سات ممالک شامل ہیں،ایس ڈی ایس سکیم میں شمولیت سے کینیڈا کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں داخلے کے خواہشمند طلبا کی ویزا درخواستوں پر کم سے کم مدت میں فیصلہ کیا جاتا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے رضا بشیر تارڑ کا کہنا تھاکہ پاکستانی طلبا کو ویزا درخواستوں کی منظوری کے لیے تمام ضروری معلومات مکمل اور درست طور پر فراہم کرنی چاہیں، کینیڈین ویزا پراسیسنگ سینٹر کی دوبئی سے اسلام آباد منتقلی کے حوالے سے کینیڈین حکام سے بات کی ہے جس کا مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔

پاکستانی طلبا و طالبات کی ویزا درخواستیں مسترد کیے جانے سے متعلق رپورٹس پر بات کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر نے بتایا کہ یہ معاملہ کینیڈین حکام کے ساتھ اٹھایا ہے، ابتدائی بات چیت سے معلوم ہوا ہے کہ صرف پاکستانی طلبہ کی بڑی تعداد میں ویزہ درخواستیں مسترد ہونے کی خبریں درست نہیں، کینڈین حکام نے اس حوالے سے اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد پاکستانی مشن کو مطلع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم اور وزرائے خارجہ میں ٹیلی فونک رابطے ہوئے ہیں، کینیڈا میں پاکستانی مشن کوشش کر رہا ہے کہ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے لئے مستقبل میں اعلیٰ سطح کے سرکاری وفود کا تبادلہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر کھلا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ کاروبارمیں آسانیوں کے عالمی گراف میں پاکستان کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس سے ملکی و غیر ملکی کاروباری طبقے کا اعتماد بڑھا ہے۔ پاکستان اپنے محل وقوع کی وجہ سے علاقائی تجارت کا مرکز بن سکتا ہے۔

رضا بشیر تارڑنے کہاکہ پاکستان میں غیرملکی سیاحوں کے لیے بہت پرکشش سیاحتی، تاریخی مقامات اور علاقے موجود ہیں۔ حکومت پاکستان نے مذہبی سیاحت کو فروغ دیا ہے، کینیڈا سے سکھوں کی بڑی تعداد کرتارپور اور دیگرمذہبی مقامات کی زیارت کے لیے پاکستان کا رخ کر رہی ہے۔ بیرون ملک مقیم  پاکستانی  ملک کے سفیر اور پاکستان کا فخر ہیں ۔ کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے ہر مشکل اور دکھ کی گھڑی میں اپنے وطن اور ہم وطنوں کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے علاوہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے مکروہ چہرے کو دنیا بھر میں بے نقاب کیا ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کو غیر ملکیوں کے ساتھ میل جول میں پاکستان کے بارے میں غلط فہمیوں، تعصبات اور بدگمانیوں کو دور کرنا چاہیے۔

Comments are closed.