لندن: برطانیہ میں موجود پاکستان کا سفارتی عملہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا، 10 سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن عارضی طور پر بند کرنے کی تجویز، برطانوی محکمہ صحت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے تمام عملے کے ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
لندن میں موجود پاکستان ہائی کمیشن کے دس سے زائد افسران اور اہلکار عالمی وباء سے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان تمام افراد نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے، کورونا سے متاثرہ افراد میں مختلف شعبوں کے افسران اور ماتحت عملہ کے اہلکار شامل ہیں۔ بڑی تعداد میں کورونا پازیٹو کیسز آنے پر ہائی کمیشن لندن کو مختصر عرصے کیلئے بند کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
کورونا وباء کے دوران ہائی کمیشن میں عملے کی معمول کے مطابق حاضری نے صحت کے مسائل میں اضافہ کیا ۔ دس سے زیادہ افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود ان کے ساتھ رابطے میں رہنے والے دیگر افراد کو چودہ دن کیلئے چھٹی نہیں مل سکی اور جس کے باعث کورونا کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی محکمہ صحت کے حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کو تمام افسروں اور عملے کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا ہے۔
ہائی کمیشن کے پریس سیکرٹری منیراحمد کے مطابق کورونا پازیٹو کیسز رپورٹ ہونے کے بعد عملے کی تعداد میں کمی کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں متاثرہ افراد اور ان سے میل جول رکھنے والوں کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔جب کہ پروٹوکول ڈیپارٹمنٹ بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عملے کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اب صرف قونصلرسیکشن میں کم سے کم عملے کی تعیناتی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
Comments are closed.