بھارت نے ایک بار پھر اپنے مذموم مقاصد کے لئے تمام عالمی قوانین و ذمہ داریاں پس پشت ڈال دیں، مودی سرکار پاکستان دشمنی میں اس حد تک گر گئی کہ سلامتی کونسل کی حساس کمیٹی کی خفیہ کارروائی پر جھوٹا میڈیا پروپیگنڈا شروع کرا دیا۔
اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق کمیٹی کی جانب سے اپنی روایات، قواعد و ضوابط کے مطابق فہرست میں شامل ذکی الرحمان لکھوی کو بنیادی گھریلو اخراجات کی اجازت دی گئی، جسے بھارتی میڈیا پاکستان مخالف پروپیگنڈے کیلئے اچھالنے لگا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کا اقدام غیرذمہ دارانہ ہے، اقوام متحدہ کی عائد پابندیوں پر عمل درآمد کی پاکستانی کوششوں کو غیرضروری طور پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، مودی سرکار کے ایماء پر بھارتی میڈیا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے اقدامات کو نیچا دکھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سلامتی کونسل کی کمیٹی کے اجلاس کی خفیہ کارروائی کو منظرعام پر لانے اور بھارتی میڈیا میں اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیے جانے کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ اس طرح کا غیرذمہ دارانہ رویہ نہ صرف اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور اس کی کمیٹیوں کی کارروائی جان بوجھ کر جھٹلانے، اس کی توہین اور سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے کے مترادف ہے۔
Comments are closed.