الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کا مطالبہ مان لیا، 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ

 الیکشن کمیشن نے چھ صوبائی اوردو قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرلیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

 چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سندھ اسمبلی کی 3، پنجاب ،خیبر پختونخواہ اور بلوچستان اسمبلی کی ایک ایک نشست پر ضمنی الیکشن ہونے ہیں۔ قومی اسمبلی کی بھی پنجاب اور خبیر پختونخواہ سے ایک ایک نشست خالی ہے۔تمام حلقہ جات پر ضمنی انتخابا ت کا انعقاد کورونا وباء کی وجہ سے نہیں ہوسکا۔

اجلاس میں شریک پیپلزپارٹی رہنما تاج حیدر نے کہا کہ آئین پاکستان اور قانون کے تحت کسی بھی انتخابی حلقے کی خالی نشست پر 60 دن کے اندر الیکشن کروانا لازم ہے۔سینیٹ کے انتخابات کےلئے تمام صوبائی اسمبلیاں اور قومی اسمبلی الیکٹورل کالج ہے۔ ضمنی انتخابات نہ کروائے گئے تو الیکٹورل کالج نامکمل رہے گا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آٹھ خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے دوران کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایاجائے ۔

Comments are closed.