پاکستان ریت کا گھر نہیں مضبوط جوہری ریاست ہے، عمران چوہدری قونصل جنرل بارسلونا

سپین میں پاکستانی قونصل جنرل کی بھارتی پراپیگنڈے پرمیڈیااور تھنک ٹینکس کو بریفنگ

بارسلونا: سپین میں پاکستانی قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے پاکستان کے خلاف بھارت کے گھناؤنے پراپیگنڈے، ریاستی دہشت گردی کی تفصیلات ہسپانوی تھنک ٹینک اور غیر ملکی میڈیا کے سامنے پیش کردیں، کہتے ہیں پاکستان ریت کا کوئی گھر نہیں مضبوط جوہری ریاست ہے۔

سپین کے شہربارسلونا میں پاکستانی قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے بھارت کے پاکستان مخالف جھوٹے پراپیگنڈے، گھناؤنی سازشوں اور مودی سرکار کی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر کی تفصیلات سپین کے تھنک ٹینک، میڈیا اور پاکستانی کمیونٹی کے سامنے پیش کیں۔

قونصل جنرل نے بریفنگ کے ذریعے یورپی ادارے ای یو ڈس انفو لیب کی جانب سے بے نقاب کی گئی بھارتی سازش کی تفصیلات سامنے رکھیں کہ کس طرح مودی سرکار یورپی یونین سمیت عالمی اداروں کو پاکستان کے خلاف جھوٹی خبروں اور جعلی اداروں کے ذریعے کئی برسوں تک گمراہ کرتا رہا۔ بریفنگ میں پاکستانی برادری، صحافیوں، سپین کے تھنک ٹینکس، ہسپانوی و غیر ملکی صحافیوں نے آن لائن شرکت کی۔

انہوں نے بتايا کہ ای یو ڈس انفو لیب کی رپورٹ کے مطابق بھارت 15 سال سے پاکستان کو بدنام کرنے اور حقائق کو مسخ کرنے کی سازش کر رہا ہے، اس مقصد کے لئے 22 ارب روپے سے زائد خرچ کیئے گئے ۔اس ميں نام نہاد، فرضی صحافیوں کے ذریعے جھوٹی خبریں، جعلی ویب سائٹس، بے بنیاد ذرائع، جھوٹ اور بداخلاقی کی تمام حدیں عبور کی گئیں۔

پاکستانی قونصل جنرل نے بتایا کہ بھارت نے 600سے زائد جعلی ويب سائٹس کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کے بارے میں منفی رجحانات،پروپیگنڈہ کیا، انڈین کرانیکلز کا 80 فیصد ہدف پاکستان اور 20 فیصد چین، ترکی اور اسلامی ممالک کو نشانہ بنانا تھا۔116 ممالک میں 15 سالہ سے جاری گھناؤنے آپریشن کا مقصد پاکستان کو اقوام متحدہ اور يورپين يونين ميں منفی پروپیگنڈے اور جھوٹ کا شکار کرنا تھا۔

انہوں نے اس بریفنگ کے دوران آزاد کشمیر سے متعلق ان جعلی اداروں اور صحافیوں کی جھوٹی خبروں کے تراشے پیش کیے، جن کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا تھا۔ حیران کن بات یہ ہےکہ افریقہ، زراعت کے شعبےاوربیجوں سے متعلق نقلی این جی اوز اورسکولوں سے متعلق نقلی این جی اوز بناکریورپی یونین اور اقوام متحدہ میں داخلہ دلوایا گیا اور جب بولنے کی باری آئ تو انھوں نے پا کستان کشمیر اور گلگت بلتستان پر زھر اگلا۔

پاکستانی قونصل جنرل نے کہا کہ بھارت نے جعلی این جی اوز کے ذریعے یورپی پارلیمنٹ کے اراکین کو مالدیپ اور دوسرے ممالک کے دورے کرائے،رقوم اور مراعات دیں،رپورٹ کے مطابق 9 ایسے پارلیمنیٹرینز کا ذکر ہے، نقلی این جی اوز کی جھوٹی خبروں کو مودی سرکار اور خفیہ ایجنسی راء، سریواستو گروپ سے جڑی اے این آئی نامی بھارتی نیوزایجنسی کے ذریعے سچی خبریں بنا کر بھارت اور پوری دنیا میں پیش کیا گیا۔

قونصل جنرل نے بتایا کہ یہ آپریشن 165 ممالک میں ہے۔ پاکستان کو 15 سال سے بدنام کرنے کی سازش ایک بڑے منصوبے کے تحت کی گئی اور رپورٹ کے مطابق اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت اور اس کے ادارےاس انفارمیشن اور جھوٹ کے پروپیگینڈے میں براہِ راست شامل ہیں، اس رپورٹ کے مطابق قونصل جنرل نے بھارت کے دہشت گردی کے منصوبوں کا ڈوزیئر بھی پاکستانی کمیونٹی اور ہسپانوی اور پاکستانی صحافیوں کے سامنے پیش کیا۔

قونصل جنرل نے حاضرین کو بتایا کہ اس رپورٹ کے خدوخال پیش کرنے کا مقصد پاکستان کی کمزوری ظاہر کرنا نہیں ہے بلکہ اس بات کا ادراک دینا ہے کہ پاکستان کو کس قسم کے چیلنج کا سامنا ہے اور پاکستان کے دفاعی ادارے، دفتر خارجہ اور عوام کتنی مستعدی سے ایسے چیلنج کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کوئی ریت کا ٹیلہ نہیں ہے، ایک مضبوط مملکت ہے جو1998 کے ایٹمی تجربے اور اٹھارویں ترمیم کے بعد ایک متحدفیڈریشن ہے جس کو کسی قسم کا اندرونی خطرہ نہیں، 2020 میں دہشتگردی کے لئے بھارت نے تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم تنظیموں کو کئی ملین ڈالرز فراہم کیے، ڈوزیئر میں بھارتی ایجینسیوں کےنام اور بینکوں سے رقم کی ترسیل کے شواہد اور تفصیل بھی شامل ہے۔

Comments are closed.