پاکستان میں کورونا وائرس نے مزید 63 زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 ہزار سے زائد افراد وباء کا شکار ہونے سے ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 69 ہزار 482 جب کہ اموات 9 ہزار 816 تک پہنچ گئیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 909 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2 ہزار 260 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، اس دوران خطرنا وباء کے باعث مزید 63 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔
این سی او سی کے مطابق اس وقت پاکستان میں کورونا کے ایکٹیوو کیسز کی تعداد 39ہزار177تک پہنچ گئی، جن میں سے 2 ہزار840 مریض اسپتالوں میں زیر علاج جب کہ 316 وینٹی لیٹر پر موجود ہیں، اسپتالوں میں زیرعلاج 2 ہزار357 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
سندھ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے جہاں پر اب تک 2 لاکھ 9 ہزار 429 افراد وباء کا شکار ہو چکے ہیں، پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 1لاکھ 35 ہزار141 اور خیبرپختونخوا میں 56ہزار875 ہو چکی ہے، اسلام آباد میں 36 ہزار 981، بلوچستان میں 18 ہزار 61، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 148 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 847 افراد اس وباء کا شکار ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں مثبت کورونا کیسز کی شرح میں بتدریج کمی ہو رہی ہے،گزشتہ ایک روز میں قومی سطح پر مثبت کورونا کیسز کی شرح 6.12 فیصد ریکارڈ کی گئی،اگرصوبائی سطح پر مثبت کورونا کیسز کی بات کی جائے تو آزاد کشمیر میں یہ شرح 14.33 فیصد ہے جبکہ سندھ میں 7.83 فیصد، پنجاب 5.65،خیبرپختونخوا 5.54 اوربلوچستان میں مثبت کورونا کیسز کی 4.24 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
Comments are closed.