فواد چوہدری کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے استعفے کا مطالبہ

لاہور: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر مستعفی ہونے کے لئے دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کل پیر سے سندھ کا تین روزہ دورہ شروع کریں گے۔ فواد چوہدری کے سندھ میں اپنے اتحادیوں سے رابطے جاری ہیں اور ملاقاتیں طے پا گئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وہ کراچی، بدین، سکھر اور لاڑکانہ کا دورہ کریں گے۔ دورہ سندھ کے دوران وہ پیر پگاڑا، لیاقت جتوئی، ذوالفقار مرزا ، فہمیدہ مرزا، ایاز پلیجو اور دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کہتے ہیں کہ دورہ سندھ میں اتحادیوں کے ساتھ مشاورت میں سندھ کے معاملات پر اتفاق رائے پیدا کروں گا، پیپلز پارٹی کسی اور کو وزیر اعلیٰ بنالے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا،  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ جعلی اکاؤنٹس کیس اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی میں مرکزی ملزم ہیں اس لیے وہ مستعفی ہوجائیں۔

Comments are closed.