انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، انسداد کورونا ویکسین پاکستان لانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ،عالمی وباء سے بچاؤ کے لئے ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتے کو اسلام آباد پہنچے گی۔
وزارت خارجہ، وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اور چینی سفارتخانے کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو ویکسین پاکستان لانے کے حوالے سے گرین سگنل دے دیا گیا ہے، قومی ایئرلائن کا خصوصی طیارہ جمعہ کو ویکسین لینے بیجنگ روانہ ہوگا۔
حکومتی عہدیداروں کے مطابق چین کی جانب سے پاکستان کو انسداد کورونا ویکسین کی 11 لاکھ خوراکیں عطیہ کی گئی ہیں، جنہیں پاکستان پہنچانے کیلئے خصوصی کنٹینر بھی دوست ملک نے پاکستان کے حوالے کر دیا ہے۔
انسداد کورونا ویکسین لانے کیلئے پی آئی اے مفت خدمات فراہم کرے گی، قومی ایئرلائن کا خصوصی طیارہ چین سے انسداد کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ میں 5 لاکھ خوراکیں لائے گا، قومی ایئر لائن کا بوئنگ 777 طیارہ ہفتے کو بیجنگ سے ویکسین لے کر نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گا۔
Comments are closed.