کورونا صورتحال میں بہتری، ملک بھر میں سکول کلاسز یکم مارچ سے ریگولر کرنے کا فیصلہ

کورونا وباء کی صورتحال میں بہتری کے باعث حکومت نے یکم مارچ سے ملک بھر میں تمام سکولوں میں کلاسز ریگولر کرنے کافیصلہ کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے بتایا کہ ‏ملک میں تمام سکول یکم مارچ سے 5 دن کلاسز کے معمول پر واپس چلے جائیں گے۔ وفاقی وزیر شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کی وجہ سے بعض بڑے شہروں کے سکولوں میں کلاسز کو چھوٹے گروہوں میں تقسیم کر کے پڑھانے کی پابندی لگائی گئی تھی جس کا اطلاق 28 فروری سے ختم ہو رہا ہے۔

کلاسز ریگولر کرنے کے اعلان کا اطلاق ان تمام شہروں کے تعلیمی اداروں پر ہوگا جہاں کورونا وباء کے باعث کلاسز کو چھوٹے گروہوں میں تقسیم کرنے کی پابندی عائد کی گئی تھی، اللہ تعالیٰ کے کرم کے باعث ہم معمول کی زندگی کی طرف واپس لوٹ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا کے باعث بند کیے گئے مزارات کھولنے، شاپنگ مالز کے اوقات کار بڑھانے اور ہوٹلوں میں ان ڈور ڈائننگ کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت بھی دی تھی۔

انسداد کورونا ویکسین کی دستیابی اور وباء کی صورتحال میں بہتری کو مدنظررکھتے ہوئے این سی او سی نے پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں ہونے والے میچز کے لیے تماشائیوں کی تعداد بھی 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

Comments are closed.