یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ الیکشن کیلئے عمران خان سے ووٹ مانگ لیا

سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم عمران خان سے ووٹ اور حمایت مانگ لی۔

یوسف رضا گیلانی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان سمیت تمام ارکان قومی اسمبلی کو خط بھجوایا ہے جس میں انہوں نے ارکان قومی اسمبلی سے سینیٹ الیکشن کے لیے اپنے لئے ووٹ مانگا ہے، یوسف رضا گیلانی خط میں لکھتے ہیں کہ ارکان قومی اسمبلی 3 مارچ کے سینیٹ الیکشن کے لیے ووٹ دیں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کیے گئے فیصلے مستقبل کی سمت طے کریں گے، سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا، 1985 سے پارلیمان کا حصہ ہوں،4 دہائیوں کو سیاسی سفر سب کے سامنے ہے،بطور وزیراعظم حزب اختلاف کے لیے وزیراعظم ہاؤس کے دروازے کھلے رکھے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے لیے یکجہتی کی ضرورت ہے، پارلیمان کے تقدس کے لیے اکٹھے ہونا ہے،سیاسی و نظریاتی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، الیکشن اپنی انا کی تسکین یا کسی حکومت کے خلاف نہیں لڑ رہا،یوسف رضا گیلانی نے امید ظاہر کی ہے کہ 3 مارچ کو ان کی زندگی اور کردار کو مدنظر رکھ کر ارکان فیصلہ کریں گے۔

Comments are closed.