نااہلی کیس: سینیٹریوسف رضا گیلانی بیٹے سمیت 22 مارچ کو الیکشن کمیشن میں طلب

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نااہلی کیس میں سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو ان کے بیٹے علی حیدر گیلانی سمیت 22 مارچ کو طلب کر لیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے نو منتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن میں دائر حکومتی اراکین قومی اسمبلی کی درخواستوں پر سماعت 22 مارچ کو ہوگی، جس کے لئے الیکشن کمیشن کے لاء ونگ کی جانب سے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات سے قبل علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے سے متعلق ویڈیو پر نوٹسز جاری کیے اور چار رکنی الیکشن کمیشن معاملے پر سماعت کر رہا تھا تاہم آئندہ سماعت کے لئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا بھی بینچ کی سربراہی کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے نوٹس کے ذریعے پیپلز پارٹی کے نومنتخب سینیٹر کو ہدایت کی ہے کہ اُن (یوسف رضا گیلانی) کے خلاف نااہلی کی درخواستوں پر سماعت مقرر ہو چکی ہے، اس لئے 22 مارچ کو ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے کمیشن کے روبرو پیش ہوں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے درخواست گزاروں فرخ حبیب،کنول شوذب اور ملیکہ بخاری کو بھی نوٹس جاری کیے گئے گئے، اس کے ساتھ ساتھ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو بھی ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے کمیشن کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Comments are closed.