پرائمری،مڈل سکولز28 اپریل تک بند،میٹرک وکالج کلاسز کا19اپریل سےآغازہوگا

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا سے متاثرہ علاقوں میں پرائمری اور مڈل سکولز 28 اپریل تک بند رکھنے جب کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی کلاسز مکمل ایس او پیز کے تحت 19 اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ، صوبائی وزرائے تعلیم، وزرائے صحت اور این سی او سی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم و تربیت شفقت محمود نے بتایا کہ پہلے کورونا وباء سے متاثرہ جن علاقوں میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے وہاں پر پہلی سے آٹھویں تک سکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب کے 13 اضلاع کے علاوہ صوبائی حکومت کورونا وباء کی صورتحال کو دیکھ کر مزید علاقوں میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ اسی طرح سندھ، خیبرپختونخوا کی حکومتوں نے بھی پہلی سے آٹھویں تک کے سکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ نے کرنا ہے کہ کون سے اضلاع یا علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کرنے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلی سے آٹھویں تک سکولز بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کے لئے28 اپریل کو دوبارہ این سی او سی کا اجلاس ہو گا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

شفقت محمود نے بتایا کہ نویں، دسویں اور گیارویں، بارہویں جماعت کے طلبہ و طالبات کے لئے تعلیمی ادارے 19 اپریل سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تا کہ طلبہ و طالبات امتحانات کے لئے تیاری کر سکیں،ان تعلیمی اداروں میں سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ نویں و دسویں جماعت کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ او لیول کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے جن میں مدارس، ٹیوشن سینٹرز، اکیڈمیز اور یونیورسٹیاں بھی بند رہیں گی۔

Comments are closed.