یورپ میں تحفظِ شہری ہوا بازی کے ادارے یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پاکستان پر فضائی سفری پابندیاں مزید سخت کرتے ہوئے مستقل پابندی کا عندیہ دے دیا۔
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پاکستان کے محکمہ شہری ہوا بازی کو بھجوائے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن کی جانب سے پاکستان میں فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لئے حالیہ دنوں اورمستقبل میں کیے جانے والے اقدامات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، جب تک پاکستان خصوصی معلومات اور تفصیلات فراہم نہیں کرتا سفری پابندیاں برقرار رہیں گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا رویہ برقرار رہا تو موجودہ عارضی پابندی کو مستقل کیا جا سکتا ہے اس کے ساتھ ساتھ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا یورپ کیلئے پروازوں کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا جائے گا، جس کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) سمیت سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ کوئی بھی ایئرلائن یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن نہیں چلا سکے گی۔
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے مراسلے میں کہا ہے کہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے بھی پاکستانی محکمہ ہوا بازی اور ایوی ایشن سفیٹی پرتحفظات کا اظہار کیا، جو کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی درجہ بندی میں تنزلی کا اشارہ ہیں۔
Comments are closed.