حکومتی دعوؤں کے برعکس ایک ہفتے میں 20 کلوآٹے کا تھیلا286 روپے تک مہنگا

تمام تر حکومتی دعوؤں اور گندم کی درآمد کے باوجود عوام کو آٹے کی قیمتوں میں ریلیف نہ مل سکا، حالیہ ایک ہفتے میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا دو سو چھیاسی روپے تک مہنگا ہو گیا، کراچی اور حیدر آباد کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران بہاولپورمیں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا دو سو چھیاسی روپے اور ملتان میں دو سو سنتالیس روپے تک مہنگا ہوا۔ بہاولپور میں آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت 860 روپے سے بڑھ کر 1146 روپے اور ملتان میں 1107 روپے تک پہنچ گئی۔

ملک میں کراچی اور حیدرآباد کے شہری آٹے کا 20 کلو گرام کا تھیلا سب سے زیادہ 1240 روپے میں خریدنے پر مجبور ہیں، حالیہ ایک ہفتے میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا اوسط 26 روپے 9 پیسے مہنگا ہوا۔ اسی دوران بنوں میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 10 روپے تک مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق پشاور میں آٹے کا بیس کلو کاتھیلا1220،خضدار1200، بنوں 1140، لاڑکانہ 1120، سکھر 1080 اور کوئٹہ میں آٹے کا تھیلا 960 روپے جبکہ اسلام آباد میں 870 روپے میں فروخت ہورہاہے۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا میں آٹے کے 20 کلو گرام تھیلے کی قیمت 860 روپے ہے۔

Comments are closed.