اسلام آباد:سینئیر صحافی اور سابق چیئرمین پیمرا ابصار عالم پر اسلام آباد میں قاتلانہ حملہ ہواہے ۔گولی لگنے سے ابصار عالم شدید زخمی ہوگئے جنھیں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ابصار عالم کی حالت خطرے سےباہرہے ۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کافوری تحقیقات کا حکم ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آئی جی اسلام آباد کو فون کیا اور فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ مجرم کو جلد از جلد گرفتار کیاجائے ،ابصار عالم پر فائرنگ کرنے والے قانون سے بچ نہیں سکیں گے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ ابصار عالم پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، تحقیقات کے بعد تمام تفصیلات میڈیا کے سامنے رکھی جائیں گی۔
چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور نائب صدر مسلم لیگ نون مریم نواز سمیت سیاسی رہنماوں نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیاہے ۔نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان اور ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ آزادی اظہار اور صحافت پر حملے قابل تشویش ہیں، اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدام کیے جائیں۔
Comments are closed.