بغداد:غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد کے ابن الخطیب اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں کورونا کے 82 مریض ہلاک ہوگئے، اسپتال میں آگ آکسیجن سلینڈر پھٹنے کی وجہ سے لگی۔
حادثے کے بعد فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور اسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے تیمارداروں سمیت دیگر عملے کو باہر نکالا گیا۔عراقی شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپتال میں آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں جس کی وجہ سے آگ نے تیزی سے پورے اسپتال کو اپنی لپیٹ میں لیا جب کہ مریضوں کو آگ کی وجہ سے وینٹیلیٹرز سے ہٹانا پڑا جس کے باعث زیادہ جانی نقصان کا سامنا ہوا۔
انسانی حقوق کمیشن نے آتشزدگی کے واقعے کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے عراقی وزیراعظم سے وزیر صحت کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
Comments are closed.