ملک میں پرتشدد مظاہروں کے بعد کالعدم قرار دی گئی تحریک لبیک پاکستان نے پابندی ختم کرانے کیلئے وزارت داخلہ سے رجوع کر لیا۔
ٹی ایل پی کی جانب سے باقاعدہ درخواست وزارت داخلہ میں جمع کرائی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے نقص امن و کار سرکار میں مداخلت کے الزامات پر 15 اپریل 2021 کو تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد کی گئی، جو حقائق کے منافی ہے، حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان سے پابندی ہٹائے۔
وزارت داخلہ ذرائع نے تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے درخواست موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس کل (30 اپریل 2021) کو طلب کر لیا ہے، جس میں ٹی ایل پی کی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ناموس رسالت کے معاملے پر ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں اورسرکاری و نجی املاک کونقصان پہنچانے کے بعد وفاقی حکومت نے تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کی تھی، فیصلے پر نظرثانی درخواست کے لئے 31 تاریخ تک کا وقت دیا گیا تھا۔
Comments are closed.