پاک۔ جرمنی وزرائے خارجہ کا دوطرفہ تعلقات، افغان امن عمل پر تبادلہ خیال

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس نے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ جرمنی کے وزیرخارجہ کے ساتھ بہت اچھی نشست رہی۔دوطرفہ تعلقات اورکثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے میسرمواقعوں کا جائزہ لیا۔ جرمنی کے وزیر خارجہ کوعلاقائی صورتحال، کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

 وزیر خارجہ شا ہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے دو طرفہ اقتصادی تعاون میں اضافے کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیاہے ۔اسلام آباد کے بعد جرمن وزیر خارجہ نے افغانستان جانا ہے، اس لیے افغانستان سے امریکی انخلا ءکے اعلان، امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور پاکستان کا نکتہ نظر جرمن وزیر خارجہ کے سامنے رکھا۔ ہماری تو یہی خواہش ہے کہ افغان آپس میں مل بیٹھ کر معاملات کو طے کریں۔پاکستان افغانستان میں امن واستحکام، علاقائی روابط میں اضافہ چاہتا ہے، چاہتےہیں قیام امن سے سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور خطے کو فائدہ ہو۔ہم خطے میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں شراکت دار ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ جرمنی کے ساتھ ہماری دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے امکانات موجود ہیں۔2021 میں پاکستان اور جرمنی کے سفارتی تعلقات کے 70 سال بھی مکمل ہوئے ہیں، دونوں ملکوں اس حوالے سے کئی تقریبات ترتیب دی ہیں۔

Comments are closed.