پاکستان نے 5 سے 20 مئی کے دوران انٹرنیشنل فلائٹس میں 80 فیصد کمی کردی

اسلام آباد: پاکستان میں پانچ سے 20 مئی کے دوران آنے والی پروازوں کی تعداد 80 فیصد تک کم کر دی گئی ہے جس کے بعد بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 590 سے کم ہو کر 123 رہ جائے گی۔یہ فیصلہ گذشتہ روز پاکستان میں کورونا کی صورتحال کی مانیٹرنگ اور اقدامات تجویز کرنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کیا ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے کچھ دیگر شرائط اور ایس او پیز بھی متعارف کرائے گئے ہیں جن پر عمل کرنا ناگزیر ہے۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے نئے شیڈول کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر آنے والی 189 پروازوں میں سے 40، لاہور ایئر پورٹ پر شیڈول 130 میں سے 29، اسلام آباد آنے والی 120 میں سے 25 جبکہ پشاور کے لیے 33 میں سے چھ پروازیں آئیں گی۔

کوئٹہ ایئر پورٹ کے لیے شیڈول 10 بین الاقوامی پروازوں میں سے صرف دو، فیصل آباد آنے والی 24 پروازوں میں سے پانچ، سیالکوٹ آنے والی 43 پروازوں میں سے آٹھ جبکہ ملتان کے لیے 41 میں آٹھ پروازیں ہی آ سکیں گی۔پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز، ایئر بلیو اور سیرین ایئر کے علاوہ 29 بین الاقوامی فضائی کمپنیاں دنیا کے مختلف حصوں سے پاکستان کے لیے پروازیں چلاتی ہیں۔این سی او سی کے فیصلے کی روشنی میں ان کی پروازوں کی تعداد بھی اسی تناسب سے محدود کی گئی ہے۔

فلائی دبئی کی سب سے زیادہ ہفتہ وار پروازیں پاکستان کے لیے آپریٹ ہوتی ہیں جن کی تعداد 78 ہے جو کم کر کے 16 کر دی گئی ہے۔ دوسری بڑی انٹرنیشنل ایئر لائن سعودیہ ایئر لائن ہے جس کی کل 77 پروازیں ہیں جو اب 14 رہ جائیں گی۔سعودیہ ایئر لائن کی کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے شیڈول 21، 21 پروازوں میں چار، چار آپریٹ کریں گی جبکہ پشاور اور ملتان آنے والی سات سات پروازوں میں سے صرف ایک ایک پرواز ہی آ سکے گی۔امارات ایئر لائن پاکستان کے لیے ہفتہ وار 67 پروازیں چلاتی ہے جن کو کم کر کے 13 کر دیا گیا ہے۔

ایئر عریبیہ کی ہفتہ وار منظور شدہ پروازوں کی تعداد 60 ہے جسے اب 12 تک محدود کر دیا گیا ہے۔قطر ایئر ویز کی پاکستان کے لیے منظور شدہ پروازوں کی ہفتہ وار تعداد 56 ہے جن کو اب کم کر کے 11 کر دیا گیا ہے۔گلف ایئر پاکستان کے لیے ہفتے میں 35 پروازیں چلاتی ہے جن کو اب آٹھ کر دیا گیا ہے۔اسی طرح اتحاد ایئر ویز کی منظور شدہ 32 پروازوں کی تعداد کم کرتے چھ کر دی گئی ہےترکش ایئر لائن کی کل 21 پروازیں ہیں جنھیں تین تک محدود کر دیا گیا ہے۔برٹش ایئر ویز کی 11 میں سے تین، عمان ایئر کی 18 میں سے تین، سعودی گلف کی 18 میں سے چار، تھائی ایئر ویز کی 18 میں سے تین اور ورجن انٹلانٹک ایئرلائن کی 11 میں سے دو پروازیں ہی ہفتہ وار چلائی جا سکیں گی۔این سی او سی 18 مئی کو دوبارہ صورت حال کا جائزہ لے کر مستقبل سے متعلق فیصلے کرے گی۔

Comments are closed.