این اے 249 کراچی ضمنی انتخاب۔۔ الیکشن کمیشن کا 6 مئی کو دوبارہ گنتی کا حکم

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 249 کراچی کے ضمنی انتخاب میں بے ضابطگی کے خلاف ن لیگ کی درخواست منظور کرلی اور حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے این اے 249 کراچی کے ضمنی الیکشن کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، مصدق ملک، زبیر عمر اور ان کے وکیل سلمان اکرم راجا جب کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار قادرخان مندوخیل، فاروق ایچ نائیک،نئیر بخاری، سعید غنی اور ان کے وکیل لطیف خان کھوسہ کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔

مسلم لیگ (ن) نے این اے 249 کے بغیردستخط شدہ فارم 45 کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں، لیگی امیدوار کے وکیل سلمان اکرم راجا نے موقف اپنایا کہ 180 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کے بعد جو کاروائی ہوئی وہ قانون کے مطابق نہیں تھی،صرف دوبارہ گنتی کافی نہیں الیکشن کمیشن کو مداخلت کرنا ہوگی، حتمی نتائج سے پہلے الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کا حکم دے سکتا ہے، تصدیق شدہ فارم 45 اور 46 نہ ہونے سے پورا الیکشن مشکوک ہوگیا، مسلم لیگ (ن) نے حلقے میں دوبارہ پولنگ کی استدعا کی اور کہا کہ اس حوالے سے باضابطہ درخواست بھی دائر کریں گے۔

رکن الیکشن کمیشن پنجاب الطاف قریشی کا ن لیگ کے وکیل سے مکالمے کے دوران کہا کہ پہلے آپ حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر دلائل دے کر مطمئن کریں، دوبارہ پولنگ کی درخواست آئے گی تب دیکھیں گے۔ آپکی درخواست دوبارہ گنتی کی تھی۔اپنی دراخواست سے بڑھ کر استدعا کرنے پر پہلے کمیشن کو مطمئن کریں۔ اس پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس آرٹیکل 218 کے تحت وسیع اختیارات ہیں۔

پیپلزپارٹی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے مسلم لیگ (ن) کے وکیل کی این اے 249 میں دوبارہ پولنگ کی استدعا پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کے دوران ن لیگ نے کسی فورم پر کوئی شکایت نہیں کی،صرف یہ کہنا کافی نہیں کہ بے ضابطگیاں ہوئی ہیں، نشاندہی کرنی ہوتی ہے کہ کہاں کیا بے ضابطگی ہوئی ہے،ریٹرننگ افسر دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کرنے کا پابند نہیں، ہمارے ہاں شکست تسلیم کرنے کا کلچر ہی نہیں۔ ریٹرننگ افسر کو درخواست میں کہا گیا نتائج جس انداز میں آئے وہ مشکوک ہے، ریٹرننگ افسر کا کام تھا کہ نتیجہ جاری کرتا، کیا ریٹرننگ افسر الیکشن کمیشن سے حکم امتناع کا انتظار کر رہے تھے؟

دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن انتخابی عمل میں کسی قسم کی بےضابطگی برداشت نہیں کرے گا، ہمیں اپنے اختیارات کا اندازہ ہے۔ مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، پاک سرزمین پارٹی، تحریک لبیک پاکستان، اور تحریک انصاف کے وکلا کے دلائل مکمل ہونےکے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کیا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 249 کراچی کے ضمنی انتخاب میں کاسٹ ہونے والے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی6  مئی کو صبح نو بجے ہوگی۔

Comments are closed.