بیرون ملک جائیدادیں سلائی مشینوں کی کمائی سے بنائیں، علیمہ خان

لاہور: وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے دبئی میں جائیدادیں سلائی مشینوں کی کمائی سے بنائی ہیں۔

سپریم کورٹ میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان کی  تمام جائیداد اپنی کمائی کی ہے، انہیں والدین کی جانب سے بھی حصہ ملا، سلائی مشینوں کا مذاق اڑایا گیا ہے، پاکستان میں ریونیو مشینوں سے آرہا ہے، پاکستان میں بہت خواتین سلائی مشین سے روزگار کما رہی ہیں، آپ ریکارڈ چیک کر لیں، تمام چیزیں ریکارڈ پرموجود ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ 20 سال سے کام کر رہی ہیں، ان کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ چیک کر لیں، میری تمام جائیداد ظاہر کی ہوئی ہیں، امریکا میں جائیداد بھی ظاہر کی ہوئی ہے۔

اس سے قبل بیرون ملک اثاثوں کے حوالے سے علیمہ خان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ان کے بیرون ملک اثاثوں کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، ان پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ یہ اثاثے غیرقانونی اور شوکت خانم کی خیرات کے پیسے سے خریدے، انہوں نے ان تمام خبروں اور الزامات کو مسترد کیا۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ شوکت خانم خیراتی اسپتال ان کی مرحوم والدہ کی یاد میں بنا، اسپتال کو ملنے والے چندے کا آڈٹ نامور عالمی فرم سے کرایا جاتا ہے، انہوں نے اپنی زندگی اس خیراتی کام کیلئے وقف کر دی ہے۔ علیمہ خان نے کہا کہ ان کی جائیداد اور خیراتی کام آپس میں کوئی تعلق نہیں، اثاثے اپنی آمدن اور اپنے شوہر کے اثاثوں سے بنائے ہیں۔ جھوٹی اور بدنام کرنے والی مہم سے تکلیف پہنچائی جارہی ہے۔

وزیر اعظم کی ہمشیرہ کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ 20 سال سے ٹیکسٹائل کا کامیاب کاروبارکرتی ہیں، عالمی سطح پرٹیکسٹائل کے خریدارہیں، سالانہ ایکسپورٹ آرڈرتقریباً 2 ارب روپے کے ہوتے ہیں۔ ان کی ایکسپورٹ یا کاروبار ملکی معیشت میں بھی حصہ ڈالتا ہے، دبئی کی جائیداد کے لئے رقوم جائز بینکنگ ذرائع سے بھیجی گئیں، اس کے لیے دبئی میں بینک سے قرضہ بھی لیا گیا، نیوجرسی کی جائیداد 14 کروڑ 5 لاکھ میں خریدی گئی، یہ جائیداد بھی قانون کے مطابق ٹیکس ادا کر کے ظاہر کی گئی، نیوجرسی کی جائیداد کے لئے جائز بینکنگ ذرائع سے پیسے بھیجے اور بینک سے قرض لیا، یہ مشترکہ جائیداد کاروباری مقاصد کے لئے خریدی گئی تھی، نیوجرسی کی جائیداد قانون کے مطابق ٹیکس ادا کر کے ظاہر کی گئی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی دبئی کے بعد امریکا میں بھی جائیداد کا انکشاف ہوا تھا۔ امریکا میں موجود یہ جائیداد علیمہ خان نے 2004 میں خریدی مگر جون 2017 تک پاکستانی ٹیکس حکام کے سامنے ظاہر نہیں کی تھی۔

Comments are closed.