مزید 8 فلسطینی بچے اسرائیلی بربریت کا شکار۔۔ شہداء کی تعداد 139 ہوگئی،1 ہزار زخمی

نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت مسلسل جاری ہے، اسرائیل نے غزہ کے مہاجر کیمپ پر بھی بم برسا دیئے، تازہ فضائی اور زمینی کارروائیوں کے نتیجے میں 8 بچوں اور دو خواتین سمیت مزید 12 فلسطینی شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 139 تک پہنچ گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہرگزرتے دن کے ساتھ اسرائیلی درندگی میں اضافہ ہو رہا ہے، غزہ میں مہاجر کیمپ پر تازہ گولہ باری کے نتیجے میں 8 بچوں اور دو خواتین سمیت مزید 12 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جس کے بعد گزشتہ چند روز میں ہونے والی شہادتوں کی تعداد 139 تک پہنچ گئی ہے۔ جب کہ1200 سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔

اسرائیلی فضائیہ اور زمینی فورسز کے مسلسل حملوں کی وجہ سے غزہ سمیت فلسطین کے متعدد علاقوں میں ہر طرف تباہی ہی تباہی نظر آ رہی ہے، سینکڑوں عمارتیں، متعدد ٹاور ملبے کے ڈھیر میں بدل گئے، ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، غزہ میں  خطرناک صورتحال، 10 ہزار سے زائد فلسطینی گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہیں۔

Comments are closed.