اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی جائیداد نیلامی رکوانے کی تینوں درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دے کرمسترد کردیا۔ عدالت نے کہاکہ درخواست گزار کے پاس متبادل فورم موجود ہے، نیلامی رکوانے کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار اسلم عزیز، اقبال برکت اور محمد اشرف ملک کی جانب سے قاضی مصباح الحسن ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔انہوں نے موقف اختیار کیاکہ 20 مئی کو نواز شریف کی شیخوپورہ کی 88 کنال اراضی کی نیلامی ہورہی ہے،22 اپریل 2021 کو احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کی جائیداد کو نیلام کرنے کا فیصلہ دیا لیکن شیخوپورہ کی پراپرٹی ریفرنس فائل کرنے سے پہلے خریدی گئی۔وکیل نے سپریم کورٹ اور بھارتی عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر جائیداد دوسرے ضلع میں ہے تو فیصلہ وہاں کے سیشن کورٹ کرے گی۔
عدالت کے استفسار پر درخواست گزار وکیل نے کہاکہ زرعی زمین پر تینوں درخواست گزاروں نے پیسے لگائے اور ان کا حق ہے وہ اپنا حصہ لیں،دلائل سننے کے بعد عدالت نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیااور بعدازاں اپنے مختصر فیصلے میں عدالت نےتوشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری نواز شریف کی جائیداد وں کی نیلامی رکوانے کی درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دے کرمسترد کردیا۔ عدالت نے کہاکہ درخواست گزار کے پاس متبادل فورم موجود ہے، نیلامی رکوانے کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے،ہائیکورٹ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت یہ درخواستیں نہیں سن سکتی۔
Comments are closed.