کسی کے ذاتی ایجنڈے کے لیےغیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کر سکتے، نئیرحسین بخاری

اسلام آباد:پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پی ڈی ایم سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پی ڈی ایم سے متعلق موقف اصولی ہے۔ پیپلز پارٹی کی اپنی مسلمہ حیثیت ہے، ہم کسی کے ماتحت ہیں نہ ہی ڈکٹیشن مانتے ہیں۔ پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے ، کسی کے ذاتی ایجنڈے کے لئے کسی غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی اقدامات کی حمایت نہیں کر سکتے۔

پیپلز پارٹی سیکرٹری جنرل نے کہاکہ پی ڈی ایم کی بنیاد رکھنے والی جماعت کے ساتھ جان بوجھ کر جو کچھ کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے۔ سیاست میں رابطوں اور ملاقاتوں کے سلسلے کبھی بند نہیں ہوتے، شہباز شریف کے عشائیہ میں شرکت کی گئی اور مختلف امور پر گفتگو بھی ہوئی ہے۔ پی ڈی ایم میں واپس جانے کا فیصلہ پارٹی قیادت مشاورت سے کرے گی۔

 نئیر بخاری کاکہناتھاکہ پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جو موقف اپنایا اس حکمت عملی کے نتیجے میں ضمنی انتخابات سے سینٹ انتخابات تک   حاصل  کامیابیاں سب کے سامنے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی آئینی جمہوری حقوق کی بازیابی کیلئے جدوجہد تاریخ کا روشن باب ہے ، آمریت اور آمریت کی پیشرو عوام دشمن حکومتوں سے نجات کی خاطر پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے قربانیاں دیں ۔

Comments are closed.