دنیا فلسطین پراسرائیلی غاصبانہ قبضے کیخلاف بولنا شروع، آئرش پارلیمنٹ میں مذمتی قرار

فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف عالمی برادری کھل کر بولنے لگی۔ آئرلینڈ کی پارلیمنٹ نے قرارداد کے ذریعے مظلوم فلسطینوں سے اظہار یکجہتی اور فلسطینی علاقوں پر زبردستی قبضے کی مذمت کی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آئرش پارلیمنٹ کے ارکان نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطین کے جھنڈے کے رنگوں کا ماسک پہنا، اور پہلی بار کسی یورپی پارلیمان نے تسلیم کیا کہ فلسطینیوں کی زمینوں پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ہے۔

جمہوریہ آئرلینڈ کی پارلیمنٹ نے فلسطین پراسرائیلی قبضے کی مذمت  کی، اس موقع پر آئرش پارلیمنٹ کے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ’’اب ہمیں سچ بولنا ہی پڑے گا کہ اسرائیل نے فلسطین سے جبری الحاق کیا ہوا ہے‘‘۔

غزہ پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کے خلاف آئرش پارلیمنٹ میں اسرائیلی سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق ترمیمی بل پر ووٹنگ ہوگی اور بل منظور ہونے کی صورت میں اسرائیلی سفیر کو ملک بدر کردیا جائے گا اور اسرائیل پر مزید پابندیوں پر بھی غور کیا جائے گا۔

اسرائیلی جارحیت پر پیش کی گئی قرارداد پر آئر لینڈ کے وزیر خارجہ سائمن کووننی نے کہا کہ حزب اختلاف کی جانب سے پیش کی گئی تحریک آئرلینڈ میں احساس کی گہرائی کا واضح اشارہ ہے۔

Comments are closed.