بھارت میں یورینیم اسمگلنگ کا نیا واقعہ، پاکستان کا پس پردہ عزائم کی تحقیقات کا مطالبہ

پاکستان نے بھارت میں ایک مرتبہ پھر یورینیم کی اسمگلنگ کے واقعہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان واقعات کے پیچھے کارفرما عزائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اس حوالے سے کہا کہ بھارت میں 6 کلوگرام یورینیم کی غیرقانونی فروخت کی کوشش کے ایک اور واقعے کی رپورٹس منظر عام پر آگئی، گزشتہ واقعے میں بھارتی ریاست مہاراشٹر میں سات کلوگرام یورینیم فروخت کرنے کی کوشش کی گئی۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت میں ایسے واقعات اور رپورٹس سخت تشویش کا باعث ہیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر1540 اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کا ایٹمی مواد کی فزیکل پروٹیکشن کنونشن  تمام ریاستوں کو جوہری مواد کے غلط ہاتھوں استعمال روکنے کے لئے ریاستوں کو پابند بناتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ان واقعات کی مکمل تحقیقات پر زور دیتا ہے اور جوہری مواد کو غلط سمت جانے سے روکنے اوراس کی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کیلئےاقدامات کا مطالبہ کرتا ہے۔ اس بات کا بھی سراغ لگایا جائے کہ یورینیم کی فروخت کی کوشش اور اس کے پیچھے کارفرما عناصر کےمقاصد کیا تھے، یورینیم فروخت کی کوشش کہیں بین الاقوامی امن و سلامتی اور عالمی عدم پھیلاؤ کے خلاف مقاصد تو نہیں تھے۔

Comments are closed.