تمام شہریوں کو ویکسین فراہمی تک پابندیاں ختم نہیں ہو سکتیں،ڈاکٹر فیصل سلطان

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ جب تک تمام شہریوں کو ویکسین فراہم نہیں ہو جاتی اس وقت تک پابندیاں ختم نہیں ہو سکتیں، سال کے آخرتک اتنے لوگ ویکسین لگوا لیں گے کے وباء کا پھیلاو کم ہو جائے گا۔

امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی جانب سے پاکستان کو عالمی وبا سے بچائوکے آلات فراہمی کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، امریکی ناظم الامور اور یوایس ایڈ کے حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان کئی دہائیوں سے اچھے تعلقات ہیں، کورونا نے پوری دنیا کے تمام ممالک کے صحت کے نظام کو متاثر کیا ہے، اس بیماری کا مقابلہ کوئی ایک ملک تنہا نہیں کر سکتا،اس کے خلاف پوری دنیا کو متحد ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین بھی اس وبا سے بچاو کے ضروری ہے، پاکستان میں موجودہ لہر بہتری کی طرف جا رہی ہے، جب تک تمام شہریوں کو ویکسین فراہم نہیں ہو جاتی اس وقت تک پابندیاں ختم نہیں ہو سکتیں، سال کے آخر تک اتنے لوگ ویکسین لگوا لیں گے کے وباء کا پھیلاو کم ہو جائے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ یوایس ایڈ کی یہ کوشش ہمارے مابین طویل دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے، کورونا سے بچاو کے لیے امدادی سامان کی فراہمی پر یو ایس ایڈ کے شکر گزار ہیں، آکسیجن، مانیٹرنگ آلات پر مشتمل یہ سامان فرنٹ لائن ورکرز کی حفاظت میں کام آئے گا۔

اس موقع پر امریکی ناظم الامور نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا پوری دنیا کے لیے ایک چیلنج ہے، اس وباسے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں، این ڈی ایم اے اور وزارت ہیلتھ سروسز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں کورونا اے بچاؤ کے آلات وزارت صحت کے حوالے کر رہے ہیں۔

Comments are closed.