کاروباری پابندیوں میں نرمی، ویکسی نیشن کیلئے سہ جہتی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں سہ جہتی حکمت عملی کے ذریعے انسداد کورونا ویکسی نیشن مہم چلانے اور کاروباری پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا،  جس میں ملک کے اندر کورونا وائرس کی صورتحال، وبا پر قابو پانے کیلئے جاری اقدامات اور حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ پندرہ جون سے ملک بھر میں سہ جہتی حکمت عملی کے تحت انسداد کورونا ویکسین مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا، جن میں رضا کارانہ، لازمی اور مراعات کے ذریعے ویکسی نیشن شامل ہیں۔

 پہلے نمبر پر ملک بھر میں تمام شہریوں کو رضا کارانہ ویکسی نیشن کرانے کیلئے مہم چلائی جائے گی، اس کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی شعبوں سے وابستہ ملازمین کے لئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی جائے گی، پرائیویٹ ملازمین کو30 جون تک ہر صورت ویکسینیشن کرانا ہوگی۔تیسری حکمت عملی کے تحت ویکسینیشن کرانے کیلئے مختلف شعبوں کو مراعات متعارف کرائی جائیں گی۔

این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ گیارہ جون سے تمام ویکسی نیشن سینٹرز صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، 18 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے واک ان ویکسینیشن کی سہولت دستیاب ہوگی، ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ویکسی نیشن کی تصدیق کے مسئلے کے حل پر کام جاری ہے جسے رواں ماہ کے آخر تک حتمی شکل دے دی جائے گی۔

ترجمان این سی او سی کے مطابق جن کھیلوں میں کھلاڑیوں کے ایک دوسرے سے براہ راست رابطہ ہوتا ہے جیسا کہ باکسنگ، کراٹے، رگبی، کبڈی، کشتی، واٹر پولو وغیرہ پر پابندی برقرار رہے جب کہ دیگر کھیلوں کے مقابلوں کی اجازت ہوگی۔ ثقافتی سرگرمیوں، مزارات، سینما گھروں پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں پر عائد پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے، کاروباری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے کاروبار ہفتے میں 2 دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیا، کس دن کاروباری سرگرمیاں معطل رکھنی ہیں اس کا فیصلہ صوبے اور وفاقی اکائیاں خود کریں گی۔

 این سی او سی کے مطابق دفاتر میں 50 فیصد حاضری کی پابندی ختم کرتے ہوئے سرکاری اور نجی دفاتر کو 100 فیصد حاضری کے ساتھ کام کی اجازت ہوگی۔

 بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر ہفتے دو دن پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ 50 فیصد کی بجائے 70 فیصد گنجائش کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت ہوگی۔ شعبہ تعلیم، ریلوے، اندرون ملک فضائی سفر، ماسک پہننے اور انسداد کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے این سی او سی کی جانب سے جاری ہدایات برقرار رہیں گی۔

Comments are closed.