اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نئیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت خارجہ، داخلہ اور معاشی محاذ پر ناکام ترین حکومت ہے، ملک کی معیشت اس وقت بین الااقومی مالیاتی اداروں کے ملازمین کےچنگل میں ہے۔
پیپلز پارٹی گوجرانولہ کے عہدیداران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی نے کہاکہ حکومت نے ملک ریکارڈ قرضوں میں جکڑ دیا، پی ٹی آئی حکومت کی ہر پالیسی اور پروگرام مالیاتی مافیاز کی سہولت کاری پر مشتمل ہے۔ احتساب اور حساب کا وقت قریب آیا تو وزیراعظم کہتا ہے شوگر مافیا نے دھمکیاں دیں۔ قوم بخوبی جانتی ہے کس کس نے دھمکیوں، دھونس اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعے لوٹ مار کی ہے۔ ذاتی مفادات کے اسیر حکمرانوں نے مزدور، محنت کش، کسان، کاشتکار اور تنخواہ دار طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے ، قوم اب بد حال معیشت کی ذمہ دار عمران حکومت سے نجات چاہتی ہے۔
نیر بخاری نے پارٹی عہدیداران۔ سے گفتگو میں مزید کہا کہ کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، پارٹی کارکنوں نے مشکل ترین دور میں آمرانہ ذہنیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، چیرمین بلاول بھٹو زرداری جلد پنجاب بھر میں ضلعی سطح پر عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے اور عوام میں مقبول پارٹی رہنماوں اور کارکنان کے گھروں کے دروازوں پر پہنچیں گے۔
نئیر بخاری نے کہا کہ وسطی پنجاب کی تنظیم تکمیل کے مراحل میں ہے خالی عہدوں پر ثابت قدم نظریاتی کارکنوں کی تقرریاں ہونگی،قوم کو عوامی قوت کے ذریعے اشرافیہ کے نمائندہ حکمرانوں سے نجات دلائیں گے ۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سے ملاقات کرنے والے پارٹی عہدیداران کے وفد میں پیپلزپارٹی ضلع گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری چوہدری ارشاد اللہ سندھو ، پارٹی عہدیداران مظہر ریاض چیمہ، ڈاکٹر شیر محمد علی انصاری، محمد فاروق ملک ، چوہدری سرفراز احمد ساہی، عبدالرزاق سلیمی اور پارٹی کے سینیئر راہنما نعیم اسلم کیانی شامل تھے۔
Comments are closed.