افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حمداللہ محب پاکستان کے خلاف زہراگلنے سے باز نہ آئے اور ایک مرتبہ پھر افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کر دیا، پاکستان نے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دارانہ، بے بنیاد اور امن عمل میں اب تک ہونے والی پیشرفت کو برباد کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
افغان قومی سلامتی کے مشیر کے بیان کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان پر افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ افغان امن عمل کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔
زاہد حفیظ چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ حمداللہ محب کی جانب سے بار بار غیرضروری اور من گھڑت الزامات پر سخت تحفظات ہیں کیونکہ ایسے اقدامات ان کے عہدے کے منافی اور امن عمل میں اب تک ہونے والی پیشرفت کو برباد کرنے کے مترادف ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے افغان قومی سلامتی کے مشیر کو یاددہانی کرائی کے دونوں ممالک کے درمیان باہمی معاملات کے حل کیلئے افغانستان پاکستان ایکشن پلان فار پیس اینڈ سولیڈیرٹی کی شکل میں باقاعدہ فورم موجود ہے جو کہ کھلے عام الزام تراشی کے بجائے دونوں ممالک کو باہمی تعلقات اور معاملات کو مناسب ذریعے سے حل کرنے کیلئے بنایا گیا، افغان قیادت باہمی اعتماد کو نقصان پہنچانے والی بیان بازی سے گریز کرے۔
Comments are closed.