وفاقی وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ پاکستان کے لئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا پروگرام معطل ہے اور نہ ہی ورلڈ بینک نے پاکستان کا قرض روکا ہے۔
لیگی رہنما مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں جاری ایک بیان میں وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف مشن کا اگست میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے، جس میں وہ پورے سال کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لےگا۔پاکستان نےمارچ تک آئی ایم ایف پروگرام کے تمام اہداف حاصل کیے ہیں،آئی ایم ایف پروگرام کےدوران پاکستان نےبہترین معاشی کارکردگی کامظاہرہ کیا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک نےپاکستان کا قرض نہیں روکا، ورلڈ بینک نےایک روز قبل ہی پاکستان کےلیےقرض کی منظوری دی ہے۔ مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے وزیر خزانہ نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، آئی ایم ایف قرض پروگرام کی ذمہ دار ن لیگ ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ پاکستانی صارفین کو منقل نہیں کیا جا رہا، حکومت تیل کی قیمتوں میں استحکام لانےکی کوشش کررہی ہے، ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونے کی توقع ہے جس سے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، سعودی عرب کے ساتھ ادھار پر تیل کے معاہدے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
وزارت خزانہ 700 ارب روپے کے ٹیکس ری فنڈز روکنے کی بھی تردید کی، واضح رہے کہ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت کو آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے قرضہ دینے سے منع کردیا ہے۔
Comments are closed.