پاکستان سپر لیگ: اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست، پشاور زلمی فائنل میں پہنچ گئی

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر راؤنڈ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔زلمی کی جانب سے بیٹنگ شروع ہوئی تو کریز پر سب سے پہلے حضرت اللہ اور کامران اکمل آئے۔ کامران اکمل محض چھ گیند کھیل کر اور آٹھ رنز بناکر حسن علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تاہم حضرت اللہ نے سابقہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی دھواں دھار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ان کے ساتھ کامران اکمل کے بعد آنے والے جوناتھن بھی برابر کے حصے دار رہے۔

حضرت اللہ زازئی نے 44 گیندوں پر 4 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے اور زلمی کا اسکور 141 تک پہنچا دیا۔ انہیں 15ویں اوور میں محمد وسیم نے بولڈ کیا۔ جوناتھن نے 46 گیندوں پر 55 رنز بنائے جن میں تین چھکے اور چھ چوکے شامل ہیں۔حضرت اللہ کے بعد شعیب ملک چوتھے پر آئے تھے اور وہ بھی کسی سے کم نہ رہے اور بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ انہوں نے 10 گیندوں پر دھواں دھار 32 رنز بنائے جن میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل ہیں۔

ان تین کھلاڑیوں کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی نے 175 رنز کا ہدف 19 بالز قبل 16.5 اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ جوناتھن اور شعیب ملک ناٹ آؤٹ رہے۔قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ بدقسمت رہے اور پہلے ہی اوور میں ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے جب کہ محمد اخلاق 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کولن منرو نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 44 رنز کی اننگز کھیلی اور برینڈن کنگ بھی 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور افتخار احمد 10 رنز پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان شاداب خان 15 اور آصف علی 8 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کا شکار بنے۔حسن علی نے 16 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ پشاور زلمی کی جانب سے عمید آصف اور وہاب ریاض نے 2،2 ، محمد عرفان ، محمد عمران اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی

Comments are closed.