پنجاب پولیس کے سینکڑوں افسران اور اہلکار شراب، آئس اور ہیروئن کے عادی

صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے والی پنجاب پولیس کے درجنوں یا بیسیوں نہیں بلکہ سینکڑوں افسران اور اہلکار نشے کی لعنت میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

لاہور سمیت صوبے بھر کے پولیس اہلکاروں اور افسران کے کروائے گئے طبی معائنے کے بعد مرتب رپورٹ میںانکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر کی پولیس کہ 465 افسران اور اہلکار شرابی ہیں جن میں سے لاہور کے 96 پولیس افسران اور اہلکار شراب نوشی کے عادی نکلے ہیں اور ان اہلکاروں میں سب سے زیادہ تعداد ڈی ایس پیز کے عہدے کی افسران کی ہے جس کی تعداد 26 ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور پولیس کے 15انسپکٹرز شراب نوشی کے عادی ہیں۔ 17 سب انسپکٹرز، 19 اے ایس آئی، 10 ہیڈ کانسٹیبلز اور 21 کانسٹبلز شراب نوشی کے عادی ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے 235 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار چرس، ہیروئن اور آئس جیسا نشہ استعمال کرنے کے عادی ہے یہاں تک کے لاہور پولیس کا ایک حجام بھی شراب نوشی کا عادی ہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب پولیس میں تعینات افسران اور اہلکاروں کا ڈرگ ٹیسٹ جاری ہے۔ واضح رہے کہ آئی جی پولیس پنجاب نے پولیس اصلاحات کے تحت افسران اور اہلکاروں کا ڈرگ ٹیسٹ کروانے کا حکم دے رکھا تھا اور اعلان کر رکھا تھا کہ جو کوئی پولیس افسر یا اہلکار منشیات ے استعمال میں ملوث پایا گیا تو اس کو ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔

Comments are closed.