مقبوضہ کشمیرڈرون حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کا بھارتی بیان مسترد

 پاکستان نے بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈرون حملوں میں پاکستانی مداخلت کے بیان کو سختی سے مسترد کردیا، ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی کا پاکستان پر ڈرون حملے میں ملوث ہونے کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور من گھڑت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ بغیر کسی ثبوت کے بھارتی سرکار نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر الزام تراشی کی،یہ بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف پروپیگنڈہ مہم کی ایک اور مثال ہے۔ بھارتی سرکار کا وطیرہ ہے کہ اندرونی معاملات میں پاکستان پر الزام تراشی کے ذریعہ توجہ ہٹائے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے الزام لگاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ الزامات پاکستان کی بات کو ثابت کرتے ہیں کہ بھارت کسی فالس فلیگ آپریشن کے ذریعہ پاکستان کو بدنام کر سکتا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ بھارت میں سیاسی ناکامی کو چھپانے اور انتخابات جیتنے کیلئے ہمیشہ پاکستان کارڈ استعمال کیا گیا ہے،پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پاکستان مخالف جھوٹے پروپیگنڈہ سے باز رہے۔

Comments are closed.