مقبوضہ کشمیر میں6سے13 جولائی تک ہفتہ شہدائے جموں وکشمیر منایا جائے گا

سری نگر: بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں 6 سے 13 جولائی تک ہفتہ شہدائے جموں و کشمیرمنایا جائے گا،کشمیری حریت پسند کمانڈر برھان مظفروانی کی پانچویں برسی پر8 جولائی کومقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

بھارتی فوج نے 22 سالہ کشمیری حریت پسند کمانڈربرہان وانی کو ترال میں 8 جولائی 2016 کو شہید کردیا تھا جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی مزاحمتی تاریخ میں سب سے طویل مظاہروں کا آغاز ہوا تھا۔ مقبوضہ کشمیر میں13 جولائی کو یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر بھی ہڑتال کی جائے گی۔ دریں اثناء تحریک آزادی کشمیر کے قائد سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے 8 جولائی اور13 جولائی کو ہڑتال کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں 8 جولائی اور13 جولائی کو مکمل ہڑتال کر کے شہداء کے ساتھ اپنی مکمل وابستگی کا اعادہ کرنے پرزور دیا ہے۔ سید علی گیلانی نے کشمیری عوام کے نام اپنے تازہ ترین پیغام میں ہر دلعزیز کمانڈر شہید برہان مظفر وانی اور ان کے ہمراہ جام شہادت نوش کرنے والے ان کے دو مجاہد ساتھیوں سرتاج احمد اور پرویز احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کے ان جیالوں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر بھارت کے فوجی تسلط کے خلاف جاری عوامی تحریک میں ایک نئی روح پھونک دی تھی۔

سید علی گیلانی نے حالیہ ہفتوں میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں شہید ہوئے درجنوں نوجوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کا یہ قافلہ اپنے لواحقین کے لیے ہی نہیں بلکہ ساری قوم کے لیے ایک سرمایہ اعزاز و افتخار ہے۔ ان کی ان قربانیوں کی حفاظت کرنا ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے اور اس کی واحد صورت یہ ہے کہ ہم اس مقصد کو جس کے لیے یہ عظیم قربانیاں دی جا رہی ہیں ہمیشہ مستحضر رکھیں اوراس کی تکمیل کے لیے ہر دم کمر بستہ رہیں۔

13 جولائی 1931 ء کے شہداء ہوں جو ہماری تحریک کے ہراول دستہ کی حیثیت رکھتے ہیں یا پھر آج اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے ہمارے غیور جیالے ہوں سب ایک ہی منزل کے مسافر ہیں اور سب کی قربامیوں کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ ہے کہ وطن عزیز کی اغیار کے پنچہ استبداد سے خلاصی اور اس کے اسلامی تشخص کی حفاظت ہے۔

Comments are closed.