ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ سبرامنیم جے شنکر کا فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو پاکستان کے خلاف سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے اعتراف نے نہ صرف مودی سرکار کا بھیانک چہرہ بے نقاب کیا بلکہ اس سے ایف اے ٹی ایف میں بھارت کے منفی کردار سے متعلق پاکستان کے دیرینہ موقف کی تصدیق ہوئی۔
زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان ہمیشہ بھارت کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیے جانے کا معاملہ اٹھاتا رہاہے، بھارتی وزیر خارجہ کا حالیہ بیان تکنیکی فورم کوپاکستان مخالف مذموم سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پرعملدرآمد کیلئے تعمیری اور مخلصانہ کوششیں کررہاہے، منی لانڈرنگ،ٹیررفنانسنگ خاتمے کیلئےپاکستان کےٹھوس،قابل تصدیق اقدامات کوایف اے ٹی ایف نے بھرپورانداز میں سراہا،پاکستان بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے ایف اےٹی ایف اہداف کےحصول کیلئےپرعزم ہے کیونکہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق منی لانڈرنگ،ٹیررفنانسنگ کی روک تھام پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستانی پیش رفت پر شکوک وشبہات پیدا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ایس جے شنکر کا حالیہ اعترافی بیان ایف اے ٹی ایف کی مشترکہ صدارت اور بھارتی کردار پر سوالیہ نشان ہے، پاکستان ماضی میں بھی بھارت کےدوہرے معیار کو عالمی برادی کےسامنے بےنقاب کرتارہاہے، بھارت کےحالیہ اعتراف کو بھی ایف اے ٹی ایف اوربین الاقوامی برادری کے سامنے رکھیں گے۔ بھارت کی پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کوششیں کبھی پوری نہیں ہوں گی۔
Comments are closed.