سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود27 جولائی کو پاکستان کا دورہ کرینگے

 سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود 27 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے ان کے ہمراہ سعودی حکومت کے سینئر حکام کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی اسلام آباد پہنچے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی، اس دورے کے دوران سعودی وزیرخارجہ پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اعلیٰ پاکستانی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مئی 2021 میں سعودی عرب دورے کے بعد  سعودی وزیر خارجہ یہ دورہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے، یہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کے وژن کے مطابق دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے ہونے والی پیشرفت کے جائزہ کا موقع فراہم کرے گا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ مشترکہ مذہب، تاریخ اور باہمی تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ممالک نے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، سعودی عرب اسلامی تعاون تنظیم کے جموں و کشمیر کنٹیکٹ گروپ کا رکن ہے جس نے ہمیشہ کشمیر کاز کی حمایت کی ہے، دورے سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات گہرے ہوں گے۔

Comments are closed.