ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں پاکستان کے عدالتی نظام سے متعلق تاثرات کو غیرضروری، غیرمعقول اور غیرمصدقہ قرار دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی غیر ضروری رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، رپورٹ میں دیئے گئے تاثرات غیرمعقول اور غیرمصدقہ ہیں، پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے اورعدالتیں ملک کے آئین اور قوانین کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ امریکی رپورٹ میں الزامات کو حقائق کے برعکس اور گمراہ کن طور پر پیش کیا گیا، حکومت پاکستان ریاست کی ایگزیکٹو، مقننہ اورعدلیہ کے مابین اختیارات کی علیحدگی پر یقین رکھتی ہے، پاکستان کی عدلیہ پر کسی قسم کے جبر یا دباؤ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی رپورٹ میں بے بنیاد دعوے پاکستانی عدالتوں کے لاتعداد فیصلوں کے منافی ہیں، پاکستانی ریگولیٹری نظام میں مبینہ کوتاہیوں کے حوالے سے قیاس آرائی کی گئی، امریکی رپورٹ میں ناقابل تصدیق ذرائع سے اپنے نتائج اخذ کیے گئے ہیں۔
زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ امریکہ سمیت عالمی برادری کے ساتھ معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون پاکستان کی ایک اہم ترجیح ہے، ہم پاکستان کی جیو،معاشی صلاحیت کو بہتر طور پرمحسوس کرنے کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے۔
Comments are closed.