امن دشمنوں نے ایک بار پھر بلوچستان کے دارالخلافہ پر وار کیا ہے، کوئٹہ میں پولیس کی گاڑی کے قریب ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے جب کہ 5 اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہیں۔
دہشت گردوں نے کوئٹہ کے علاقے سرینا چوک کے قریب پولیس ٹیم کو ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے سے نشانہ بنایا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم سڑک کنارے پارک کی گئی ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا، جس کے پھٹنے سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ واقعے میں پانچ اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس اور فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سرینا ہوٹل کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ہےکہ دہشت گرد عناصر صوبے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
Comments are closed.