کینبرا: آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، قومی ترانے اور پرچم کشائی کے بعد صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے خصوصی پیغامات پڑھے گئے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر بابرامین نے آسٹریلیا میں مقیم ہم وطنوں سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو 75 ویں یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی قیادت میں ہمارے آباو اجداد نے تحریک پاکستان کی شکل میں سیاسی جدوجہد کی جس کے نتیجے میں ہمیں ہمارا الگ وطن نصیب ہوا۔
پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا ہے تھا کہ یوم آزادی ہمیں ہمارے آباؤاجداد کی ان بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی وجہ سے ہمیں حقوق خودمختاری، مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کا تحفظ اور معاشی استحکام نصیب ہوا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کی تعمیرو ترقی کیلئے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی برادری کے بھی تعریف کی۔
بابر امین کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان بیرون ممالک بسنے والے پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس، پاکستان سٹیزن پورٹل سمیت متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں، انہوں نے آسٹریلیا میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے ہم وطنوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورت حال اجاگر کرتے ہوئے عالمی برادری سے مودی سرکار کی جانب سے غیرقانونی اقدامات، طویل ترین فوجی محاصرے اور انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے کا مطالبہ کیا۔ بابر امین کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کیلئے عرصہ دراز سے جدوجہد کر رہے ہیں، پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی تک کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
Comments are closed.