بڑی طاقتیں چین اور روس افغانستان میں طالبان حکومت تسلیم کرنے کیلئے تیار

چین نے افغانستان میں طالبان کی حکومت تسلیم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ کابل کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہیں، روس نے بھی طالبان حکومت تسلیم کرنے کی تیاری کرلی۔

افغانستان میں طالبان کے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد چینی حکومت کی ترجمان ہواچن یِنگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ چین افغانستان کے ساتھ گہرے دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے متعدد مرتبہ چین کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور وہ افغانستان میں تعمیر نو اور ترقی کیلئے چین کی شراکت داری کے منتظر ہیں۔

ہواچن یِنگ کا کہنا ہے کہ چین افغان عوام کی جانب سے اپنی منزل کے تعین کے حق کی قدر کرتا ہے اور افغانستان کے ساتھ دوستانہ، تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے، اقتدار کی پرامن منتقلی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا چینی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ حکومت سازی کے حوالے سے جامع مذاکرات کریں اور افغان عوام اور غیرملکیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ چین کا سفارتخانہ معمول کے مطابق امور سرانجام دیتا رہے گا۔

 دوسری جانب برطانوی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ روس نے بھی افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کی تیاری کر لی ہے، جس کی توجیہہ یہ پیش کی جا رہی ہے کہ روس کابل میں اپنا سفارت خانہ  خالی نہیں کر رہا، جب کہ کابل میں روسی سفارت کار منگل  کے روز طالبان قیادت سے ملاقات کریں گے، روسی سفیر کے ریمارکس پر نئی حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا جائے  گا۔

Comments are closed.