وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پی ٹی آئی حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر جلد عوام کو اعتماد میں لیں گے، اس حوالے سے اسلام آباد میں باقاعدہ تقریب کے انعقاد کے لئے 20 اگست سے کام شروع کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام سے خطاب کریں گے اور تحریک انصاف کی تین سالہ کارکردگی قوم کے سامنے رکھیں گے،اس حوالے سے تقریب کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل عمران خان کی ہدایت پر وزاعظم آفس کی جانب سے تمام وزارتوں اور محکموں کو اپنی اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود کے مکمل ، جاری اور مستقبل کے منصوبوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
وزیراعظم عمران خان اعلیٰ اختیاراتی بورڈ کا اجلاس بھی ملتوی کردیا تھا اور اسے بیوروکریسی کی کارکردگی کی رپورٹ سے مشروط کرتے ہوئے کہا تھا کہ کارکردگی دیکھ کر ترقی دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹس کی بنیاد وفاقی کابینہ میں بھی تبدیلیوں کے امکانات ہیں۔
Comments are closed.