افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا، طالبان ترجمان

سی پیک کو افغانستان سے منسلک کرکے اہم تجارتی مقاصد حاصل کیے جاسکتے ہیں، ذبیح اللہ مجاہد

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے یقین دہانی کرائی ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کی سلامتی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اسلام آباد میں افغان یوتھ فورم کے زیراہتمام افغانستان کی تعمیر نو کے موضوع پر عالمی کانفرنس سے آڈیولنک کے ذریعے خطاب کیا انہوں نے افغانستان میں قیام امن اور تعمیر و ترقی کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی افغان قوم کی مدد اور قیام امن کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ پاکستان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے سلسلے کو جاری رکھے گا، طالبان قیادت یقین دلاتی ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کی سلامتی کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہوگا، سی پیک کو افغانستان سے منسلک کرکے اہم تجارتی مقاصد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ سی پیک کے توسیعی منصوبے کا خیرمقدم کریں گے۔

Comments are closed.